7

پی ایس ایل ایلیمینیٹر 2: محمد نعیم اور پریرا کی دھواں دار بیٹنگ، قلندرز کا 202 رنز کا ہدف

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے ایلیمینیٹر 2 میں لاہور قلندرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 202 رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔
اوپنر فخر زمان جلد ہی پویلین لوٹ گئے تاہم محمد نعیم اور عبداللہ شفیق نے اننگز کو سنبھالا۔ محمد نعیم نے جارحانہ انداز میں نصف سنچری بنائی، جس میں انہوں نے دو چھکے اور سات چوکے لگائے۔ ان کا ساتھ عبداللہ شفیق نے دیا، جنہوں نے 25 رنز بنائے۔
بعد ازاں سری لنکن کھلاڑیوں کوسل پریرا اور بھانوکا راجاپکسا نے 51 رنز کی پارٹنرشپ سے اسکور کو مزید آگے بڑھایا۔ پریرا نے 61 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ راجاپکسا نے 13 گیندوں پر 22 رنز بنائے۔
آصف علی نے سات گیندوں پر 15 قیمتی رنز جوڑے۔ اننگز کے آخری اوور میں تین وکٹیں گریں لیکن قلندرز 200 کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب رہے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کے ٹائمل ملز نے 4 اوورز میں 42 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ سلمان ارشاد نے بھی دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔