سعودی فٹبال کلب النصر نے پرتگالی فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو برقرار رکھنے کے لیے نئی شاندار پیشکش کر دی ہے۔ ہسپانوی اخبار کی رپورٹ کے مطابق النصر کلب نے رونالڈو کو ماہانہ 15.2 ملین یورو کی ادائیگی کی پیشکش کی ہے، جو پاکستانی کرنسی میں 4 ارب 84 کروڑ روپے سے زائد بنتی ہے۔
اس کے ساتھ ساتھ انہیں کلب کی 5 فیصد ملکیت دینے کی تجویز بھی دی گئی ہے، تاہم یہ معاہدہ صرف ایک سال کے لیے ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق النصر کی انتظامیہ رونالڈو کی موجودگی کو ٹیم کے لیے نہایت اہم سمجھتی ہے اور دیگر پیشکشیں بھی تیار کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ رونالڈو نے النصر سے دو سالہ معاہدہ 2022 میں کیا تھا اور اس وقت وہ دنیا کے سب سے مہنگے کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں۔ کچھ عرصہ قبل رونالڈو نے اشارہ دیا تھا کہ قطر ورلڈکپ ان کا آخری عالمی کپ ہو سکتا ہے اور وہ 40 سال کی عمر میں ریٹائرمنٹ کا ارادہ رکھتے ہیں۔