لاہور میں ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2025 کے سنسنی خیز مرحلے کا آغاز آج سے ہو رہا ہے، جہاں ایلیمینیٹر 1 میں روایتی حریف لاہور قلندرز اور کراچی کنگز ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گے۔
یہ ہائی وولٹیج مقابلہ آج شام 8 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اس اہم میچ میں کامیابی حاصل کرنے کے لیے بھرپور تیاریوں کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔
ایلیمینیٹر 1 میں کامیاب ہونے والی ٹیم کل، جمعہ 23 مئی کو ایلیمینیٹر 2 میں کوالیفائر ہارنے والی ٹیم سے ٹکرائے گی۔ ایلیمینیٹر 2 کی فاتح ٹیم کو فائنل میں رسائی حاصل ہوگی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل 2025 کا فائنل اتوار 25 مئی کو منعقد ہوگا، جس میں ٹورنامنٹ کی دو بہترین ٹیمیں قیمتی ٹرافی کے لیے پنجہ آزمائی کریں گی۔ اس موقع پر سیکیورٹی سمیت دیگر تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
