مکہ مکرمہ: سعودی وزارتِ داخلہ نے حج قوانین کی سنگین خلاف ورزی پر 20 افراد کو گرفتار کرکے ان کے خلاف قانونی کارروائی مکمل کرلی ہے۔ گرفتار شدگان میں 12 غیر ملکی اور 8 سعودی شہری شامل ہیں، جن پر بغیر اجازت نامے کے 60 افراد کو حج کرانے کی کوشش کا الزام ہے۔
وزارت داخلہ کے ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کو قید اور ایک لاکھ سعودی ریال تک جرمانے کی سزا سنائی گئی ہے۔ مزید برآں، غیر ملکی شہریوں کو ملک بدر کر دیا گیا ہے اور ان پر آئندہ 10 برس تک سعودی عرب میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
سعودی حکام نے عوام، شہریوں اور مقیم افراد کو سختی سے تنبیہ کی ہے کہ وہ حج کے ضوابط اور قواعد و ہدایات کی مکمل پابندی کریں تاکہ حجاج کرام کی حفاظت، سلامتی اور عبادات کا پُرامن ماحول یقینی بنایا جا سکے۔
وزارت داخلہ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ حج سے متعلق کسی بھی غیر قانونی سرگرمی پر زیرو ٹالرنس کی پالیسی اپنائی جائے گی۔
.jpg)