اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ 19 ہزار 496 ویب سائٹس کو بلاک کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ان ویب سائٹس پر پاکستان مخالف اور قومی سلامتی کے خلاف مواد نشر کیا جا رہا تھا۔ پی ٹی اے نے سوشل میڈیا پر موجود 3 ہزار 248 یوٹیوب لنکس کو بھی بلاک کر دیا ہے۔
ادارے کا کہنا ہے کہ بند کی گئی ویب سائٹس کی تفصیلات سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر ظاہر نہیں کی جا سکتیں۔
دوسری جانب پی ٹی اے نے ملک میں یوٹیوب کی بندش سے متعلق خبروں کو مسترد کر دیا ہے۔ ترجمان نے وضاحت کی کہ یوٹیوب یا کسی بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو بند کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
ترجمان پی ٹی اے نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر زیر گردش پریس ریلیز دراصل ستمبر 2012 کی ہے، جس کا موجودہ حالات سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے عوام سے درخواست کی کہ درست معلومات کے لیے صرف پی ٹی اے کی آفیشل ویب سائٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو چیک کریں۔
.jpg)