پاکستانی اداکارہ سارہ خان کے ایک بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ فیشن، خوبصورتی اور اداکاری کے میدان میں اپنی پہچان بنانے والی سارہ خان نے حالیہ انٹرویو میں خود کو "فیمینسٹ" کہلانے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ روایتی عورت ہیں اور وہی طرزِ زندگی پسند کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مردوں کو اُن کی اصل جگہ دینی چاہیے تاکہ خواتین سکون سے جی سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں باہر کے کام، بل جمع کرانا یا معاشی دوڑ دھوپ پسند نہیں — یہ ذمہ داریاں مردوں کے لیے بہتر ہیں۔
سارہ کا یہ بیان "مرد مرد ہی رہیں، اور عورتیں گھر میں" سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا، جس کے بعد صارفین دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئے۔ تنقید کرنے والوں نے ان کے خیالات کو ’’غیر عصری‘‘ قرار دیا جبکہ حمایتیوں نے ان کی ’’سچائی پر مبنی سوچ‘‘ کو سراہا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس وقت سارہ خان کا نیا ڈرامہ ’’شیر‘‘ دانش تیمور کے ساتھ ریلیز ہونے جا رہا ہے، لیکن ڈرامہ نہیں بلکہ اُن کے خیالات خبروں کی زینت بنے ہوئے ہیں۔ ان کے مداح ان کی گھریلو طبیعت اور فلک شبیر کے ساتھ محبت بھرے رشتے کو پسند کرتے ہیں، اور اب ان کے خیالات پر بھی کھل کر رائے دے رہے ہیں۔
