کینال تنازع کے باعث قومی شاہراہوں پر جاری دھرنوں کی وجہ سے کراچی سے دیگر صوبوں کو ادویات کی ترسیل معطل ہوگئی ہے۔ احتجاج کے باعث ہائی ویز کی بندش نے لاجسٹک نظام کو مفلوج کر دیا ہے اور لاجسٹک کمپنیوں نے زمینی ترسیل بند کر دی ہے۔
پاکستان کیمسٹس اینڈ ڈرگسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالصمد میمن کے مطابق، کراچی سے زمینی راستے سے بھجوائی جانے والی ادویات پھنس گئی ہیں، جس کے بعد اہم ادویات کو فضائی راستے سے بھیجا جا رہا ہے۔
تاہم، ان کا کہنا تھا کہ فوری طور پر ادویات کی قلت کا خطرہ نہیں، کیونکہ ہر شہر میں ایک سے ڈیڑھ ماہ کا اسٹاک موجود ہے۔ لیکن اگر راستے مزید بند رہے تو ملک بھر میں دوا کی قلت پیدا ہو سکتی ہے۔