اوٹاوا: کینیڈا کی حکومت نے سیاحت اور تجارتی روابط کو فروغ دینے کے لیے 13 نئے ممالک کے شہریوں کو بغیر ویزہ کینیڈا آنے کی اجازت دے دی ہے، بشرطیکہ وہ الیکٹرانک ٹریول آتھورائزیشن (eTA) کے اہل ہوں۔
کینیڈین وزیر شان فریزر کے مطابق، یہ فیصلہ کینیڈا کے بین الاقوامی روابط کی بہتری اور امیگریشن نظام کی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ اب ان ممالک کے اہل شہریوں کو صرف eTA حاصل کرنا ہوگا جو کہ چند منٹوں میں جاری ہو جاتا ہے۔
نئے ممالک کی فہرست میں انٹیگوا اور باربوڈا، ارجنٹینا، کوسٹا ریکا، مراکش، پاناما، فلپائن، سینٹ کٹس اینڈ نیوس، سینٹ لوشیا، سینٹ ونسنٹ اینڈ دی گرینیڈائنز، سیشلز، تھائی لینڈ، ٹرینیڈاڈ اینڈ ٹوباگو، اور یوراگوئے شامل ہیں۔
یہ سہولت صرف ان افراد کو حاصل ہوگی جن کے پاس فعال امریکی نان امیگرنٹ ویزا ہو یا انہوں نے گزشتہ 10 برسوں میں کینیڈین ویزا حاصل کیا ہو۔ تاہم یہ سہولت صرف ہوائی سفر تک محدود ہے اور زیادہ سے زیادہ قیام کی مدت 6 ماہ مقرر کی گئی ہے۔
کینیڈا کی حکومت کو امید ہے کہ یہ نیا اقدام دنیا بھر سے سیاحوں اور سرمایہ کاروں کو راغب کرنے میں مدد دے گا اور امیگریشن سسٹم کے دباؤ کو کم کرے گا۔