276

ادویات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری 

اسلام آباد ۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس نے ادویات کی ریٹیل قیمتوں میں کمی کی منظوری دیدی ہے۔ منگل کو وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت اسلام آباد میں ہوا۔

حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ کے اجلاس میں صوبائی حکومتوں پر زور دیا گیا کہ گنے کے کاشتکاروں کو رقم کی ادائیگی کی ذمہ داری پوری کی جائے اور گنے کے کاشتکاروں کو طے شدہ ریٹ کے مطابق ادائیگی کرائی جائے۔وفاقی کابینہ نے ڈاکٹر شیخ اختر حسین کی بطور سی ای او ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی تقرری کے ساتھ ڈرگ پالیسی کے تحت ادویات کی ریٹیل قیمتوں میں کمی کی منظوری بھی دی۔

اس کے علاوہ اجلاس میں مختلف عدالتوں کے ججز کی تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔وفاقی کابینہ نے کوثرعباس زیدی کو بطور انسداد دہشت گردی عدالت کے جج تعیناتی کی منظوری دی جبکہ خواجہ وجہہ الدین کو جج بینکنگ کورٹ پشاورتعینات کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں بینکنگ کورٹ پشاور کے جج محمد نسیم کی پشاور ہائی کورٹ واپسی کی منظوری بھی دی گئی۔اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی انسٹی ٹیوٹ بہاولپور کے قیام کی منظوری بھی دی جب کہ وزارت اطلاعات پاکستان اور تاجکستان ریڈیو کے درمیان تعاون کے ایم او یو کی منظوری بھی دی گئی۔