59

فاٹا میں انتخابات کیلئے ایک اور درخواست دائر

اسلام آباد۔فاٹا میں صوبائی اسمبلی کی نشتوں پر انتخابات کرانے کیلئے ایک اور درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کردی گئی ہے ‘درخواست پر دوبارہ غور کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 5 رکنی لارجر بینچ تشکیل دیدیا۔تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس کے مطابق متحدہ قبائل پارٹی کی جانب سے دائر درخواست پر الیکشن کمیشن کا 5 رکنی لارجر بینچ دوبارہ غور کرے گا۔

درخواست کی دوبارہ سماعت 2 جولائی کو الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں ہوگی اور اس کے لیے درخواست گزاروں کو طلب کرلیا گیا ہے۔متحدہ قبائل پارٹی کی طرف سے درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرائی گئی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ فاٹا میں قومی اسمبلی کے ساتھ صوبائی اسمبلی کے انتخابات کرائے جائیں، فاٹا میں صوبائی اسمبلی کے انتخابات ایک سال بعد کرانے کا فیصلہ درست نہیں، پورے ملک میں ایک ساتھ الیکشن کرائے جائیں اور اس کیلئے 25 جولائی کو ہونے والے انتخابات ملتوی کیے جائیں۔

الیکشن کمیشن نے درخواست سماعت کیلیے منظور کرلی اور کیس کی سماعت 2 جولائی کو ہوگی۔ واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کے 3 رکنی بینچ نے 25 جون کو متحدہ قبائل پارٹی کی درخواست مسترد کردی تھی۔