10

عمران خان سے ملاقات کرانا کوئی احسان نہیں، ذاتی معالجین کو رسائی دی جائے: سلمان اکرم راجہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں بتایا گیا ہے کہ عمران خان کا بلڈ پریشر 192 سے 193 تک پہنچ چکا ہے، جو انتہائی تشویشناک صورتحال ہے۔

اڈیالہ روڈ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے ذاتی معالجین کو ان تک رسائی دی جائے اور انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کرکے علاج کی سہولت فراہم کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ملاقات کی اجازت دینا کوئی ریلیف یا احسان نہیں بلکہ قیدی کا بنیادی حق ہے۔ عدالت کا حکم بھی موجود ہے، اس لیے انسانی ہمدردی کا تقاضا ہے کہ عمران خان کا اسپتال میں علاج یقینی بنایا جائے۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال پارٹی کی جانب سے جن افراد کے نام ملاقات کے لیے دیے جاتے تھے، ان کے بجائے جیل انتظامیہ اپنی مرضی کے افراد کی ملاقات کراتی تھی۔ آئندہ بھی اگر اپنی مرضی سے لوگوں کو ملاقات کے لیے بھیجا گیا تو سوالات اٹھیں گے، تاہم بیرسٹر گوہر سمیت فہرست میں شامل افراد کو بھیجا جائے تو کسی کو اعتراض نہیں ہوگا۔

پی ٹی آئی میں اختلافات اور ملاقات کے معاملے پر وضاحت

سلمان اکرم راجہ نے پارٹی میں اختلافات کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں مختلف نقطہ نظر رکھنے والے لوگ موجود ہیں اور بعض افراد ایک دوسرے کو برداشت نہیں کر رہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد سامنے آنے والے بیانات پر وضاحت دینا ضروری تھا، کیونکہ یہ تاثر دیا گیا کہ بانی پی ٹی آئی نے متبادل نام طلب کیے ہیں، حالانکہ ایسا کوئی معاملہ نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کے بیانات میں فرق ہو تو سوالات پیدا ہونا فطری بات ہے۔ ملاقات میں صرف قانونی معاملات پر گفتگو نہیں ہوئی تھی۔

پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پارٹی میں انتشار پیدا کرنے کی کوشش کی گئی جس کا جواب دینا ضروری تھا، تاہم اب یہ معاملہ ختم ہوچکا ہے۔ محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کے حوالے سے بھی بانی پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ انہیں دونوں رہنماؤں پر اعتماد ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کمیٹیوں میں واپس جانے کی اجازت مانگی گئی تھی، تاہم بانی پی ٹی آئی کی جانب سے اس کی اجازت نہیں دی گئی۔

عمران خان کوئی ڈیل یا رعایت نہیں مانگ رہے، سلمان اکرم راجہ

سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان کسی ڈیل یا خصوصی رعایت کے طلبگار نہیں بلکہ اپنے حقوق اور انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

ان کے مطابق عمران خان نے پہلے بھی خطوط لکھے ہیں، تاہم حالیہ خط غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے جس میں عدلیہ سے انصاف کی فراہمی کی اپیل کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق سامنے آنے والی اطلاعات پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ بانی پی ٹی آئی مقابلے کے لیے تیار ہیں اور صرف اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے علاج اور آپریشن سے متعلق بات کر رہے ہیں۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق اپیلوں کی پیروی وکلا سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کریں گے۔

عمران خان کو اسپتال منتقل کیا جائے، عظمیٰ خان

اس موقع پر عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو حقیقی ریلیف اسی وقت ملے گا جب انہیں اسپتال منتقل کرکے مناسب علاج فراہم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ انہیں سرکاری اسپتال کی رپورٹس اور ڈاکٹروں پر اعتماد نہیں، اصل ریلیف اس وقت ملے گا جب سپریم کورٹ کے حکم پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔

عظمیٰ خان کا کہنا تھا کہ وکلا سے ملاقات کی اجازت دینے کے بعد بھی کوئی حقیقی سہولت فراہم نہیں کی گئی، یہ سب ایک دھوکہ محسوس ہوتا ہے اور انہیں سمجھ نہیں آرہا کہ ان کے بھائی کے ساتھ کیا کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کی صحت کو ترجیح دی جائے اور انہیں فوری طور پر مناسب طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔