نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) لاہور نے بین الاقوامی سائبر فراڈ نیٹ ورکس اور غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے 9 خواتین سمیت 130 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر این سی سی آئی اے عاطف امیر نے لاہور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے 276 ڈیجیٹل ڈیوائسز برآمد کی گئیں، جبکہ مختلف مقدمات میں متاثرین کو 3 کروڑ ایک لاکھ 79 ہزار 122 روپے واپس دلوائے گئے۔
انہوں نے بتایا کہ چینی اور نائجیرین باشندوں سے منسلک آن لائن سرمایہ کاری فراڈ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائیوں کے دوران ڈی ایچ اے فیز 8 میں قائم پرائم لنک پر چھاپہ مارا گیا، جہاں سے چینی شہری فین لو اور 3 خواتین سمیت 35 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائی میں 40 کمپیوٹرز، 34 موبائل فونز اور آئی پیڈ بھی برآمد کیے گئے۔
اسی طرح ڈی ایچ اے فیز 6 میں دو مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے 3 چینی باشندوں اور 5 خواتین سمیت 23 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے 23 کمپیوٹرز اور 30 موبائل فونز تحویل میں لیے گئے۔
حکام کے مطابق ملزمان جعلی فیس بک اکاؤنٹس پر خواتین کی تصاویر اور فرضی نام استعمال کرکے غیر ملکی شہریوں کو دھوکا دیتے تھے، جبکہ واٹس ایپ گروپس کے ذریعے انہیں آن لائن سرمایہ کاری کے نام پر رقم سے محروم کیا جاتا تھا۔
غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیاں
این سی سی آئی اے نے غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف 5 مختلف کارروائیوں میں 62 ملزمان کو گرفتار کیا۔ ان کے قبضے سے 100 لیپ ٹاپ، 14 کمپیوٹرز، 73 موبائل فونز اور 2 سرورز سمیت 189 ڈیجیٹل ڈیوائسز برآمد کی گئیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جعلی کال سینٹرز میں کام کرنے والے ملزمان خود کو ٹیلی کام کمپنیوں کا نمائندہ ظاہر کرکے امریکہ، برطانیہ اور کینیڈا کے شہریوں کو نشانہ بناتے تھے۔ ملزمان پر فراڈ اور چوری شدہ کریڈٹ کارڈز کے ذریعے غیر قانونی لین دین میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔
شہریوں کا خفیہ ڈیٹا فروخت کرنے والا بینک منیجر گرفتار
کارروائیوں کے دوران شہریوں کا خفیہ ڈیٹا فروخت کرنے کے الزام میں ایک نجی بینک کے آپریشنل منیجر ارسلان احمد کو بھی گرفتار کیا گیا۔
حکام کے مطابق ملزم نے نادرا ویری سس سسٹم کے ذریعے 842 غیر مجاز تصدیقیں کیں۔ وہ فی تصدیق 130 سے 150 روپے ایزی پیسہ کے ذریعے وصول کرتا اور شہریوں کی شناختی معلومات واٹس ایپ پر فروخت کرتا تھا۔
اس کے علاوہ بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد پھیلانے اور بلیک میلنگ میں ملوث 4 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، جبکہ ریاستی اداروں کے خلاف توہین آمیز مہم چلانے کے الزام میں 2 ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔
این سی سی آئی اے گوجرانوالہ نے ایک خاتون کو بلیک میل کرنے اور اس کا قابل اعتراض ڈیٹا شیئر کرنے کے الزام میں ایک خاتون کو بھی گرفتار کیا۔
غیر قانونی کال سینٹرز کے خلاف کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان
ایڈیشنل ڈائریکٹر عاطف امیر نے بتایا کہ انتظامی سطح پر گوجرانوالہ کو این سی سی آئی اے لاہور زون میں شامل کردیا گیا ہے، جس کی سربراہی بھی انہیں سونپی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ برآمد ہونے والے ڈیجیٹل آلات کا فرانزک تجزیہ جاری ہے، جبکہ نیٹ ورکس کے ملکی و غیر ملکی سرپرستوں اور مالی لین دین تک تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک ہفتے کے دوران متعدد کارروائیاں کی گئیں اور بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مواد کے مقدمات میں بھی گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ پنجاب میں کسی غیر قانونی کال سینٹر کو کام کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
عاطف امیر کے مطابق شکایات سامنے آنے پر این سی سی آئی اے کے اپنے 5 ملازمین کو بھی ملازمت سے برخاست کیا گیا ہے، جبکہ کارروائیوں کے بعد بعض غیر قانونی کال سینٹرز نے گھروں میں منتقل ہونا شروع کردیا ہے۔









