16

پنجاب میں گندم اور آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

پنجاب میں اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمتوں میں اضافے کے بعد آٹے کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ ہوگیا، جس کے باعث عوام کو مہنگائی کے ایک اور بوجھ کا سامنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 5 ہزار 900 روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ لاہور میں اس کی قیمت 5 ہزار 750 روپے اور راولپنڈی و اسلام آباد میں 5 ہزار 920 روپے تک ریکارڈ کی گئی ہے۔

گندم مہنگی ہونے کے اثرات آٹے کی قیمتوں پر بھی پڑے ہیں۔ لاہور میں 15 کلو آٹے کے تھیلے کی ہول سیل قیمت بڑھ کر 2 ہزار 500 روپے ہوگئی، جبکہ راولپنڈی اور اسلام آباد میں یہی تھیلا 2 ہزار 650 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔

دوسری جانب محکمہ زراعت نے رواں سال گندم کی پیداوار میں کمی اور 25 لاکھ ٹن کے شارٹ فال کی تصدیق کردی ہے۔ ذرائع کے مطابق ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کی جانب سے گندم درآمد کرنے کے باوجود اوپن مارکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم نہیں کیا جا سکا۔

گندم کی درآمد کیلئے فلور ملز کا مطالبہ

فلور ملز نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے ہنگامی بنیادوں پر 5 لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔

فلور ملز کے مطابق حکومتوں نے بروقت اقدامات نہ کیے تو گندم اور آٹے کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

مارکیٹ ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ گندم کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا بحران مستقبل میں آٹے کی دستیابی کے مسئلے میں بھی تبدیل ہوسکتا ہے۔

حکام سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ گندم کی فراہمی بہتر بنانے اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں تاکہ عوام کو مزید مہنگائی سے بچایا جا سکے۔