13

کئی ممالک گھومے مگر پاکستان جیسا پیار کہیں نہیں ملا: امریکی راک بینڈ

امریکی راک بینڈ ’برن دی بال روم‘ نے پاکستان کا دو ہفتوں پر مشتمل دورہ مکمل کرلیا، جس کے بعد بینڈ کے ارکان نے پاکستانی عوام کی محبت، خلوص اور مہمان نوازی کو ناقابلِ فراموش قرار دیا ہے۔

امریکی آرٹس اینڈ میوزک اینوائے پروگرام کے تحت امریکی بینڈ نے 2 سے 15 نومبر تک اسلام آباد، کراچی اور لاہور کا دورہ کیا۔ اس دوران مختلف موسیقی کی تقریبات اور ورکشاپس میں شرکت کی، جن کے ذریعے ہزاروں پاکستانی نوجوانوں سے رابطہ ممکن ہوا۔

بینڈ کے ڈرمر جیک آئیونز نے پاکستانیوں کی مہمان نوازی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ اس سے قبل 10 ممالک کا دورہ کر چکے ہیں، تاہم پاکستان جیسی محبت اور مہمان نوازی انہیں کہیں اور دیکھنے کو نہیں ملی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر شخص نے انہیں اپنے خاندان کا حصہ ہونے کا احساس دلایا، جو ان کی زندگی کا ایک یادگار تجربہ رہے گا۔

دورے کے دوران امریکی بینڈ نے اسلام آباد اور لاہور میں مختلف تقریبات میں پرفارم کیا۔ اس موقع پر سُرتال اکیڈمی آف میوزک کے تعاون سے پاکستانی ملی نغمے ’دل دل پاکستان‘ اور امریکی نغمے ’امریکہ دی بیوٹی فل‘ کی دھنوں کو ملا کر ایک منفرد موسیقی کی پیشکش بھی کی گئی۔

امریکی بینڈ کے دورے کا اختتام آرٹس کونسل آف پاکستان کے عالمی ثقافتی میلے میں شاندار پرفارمنس کے ساتھ ہوا۔

واضح رہے کہ امریکی آرٹس اینڈ میوزک اینوائے پروگرام کے تحت ہر سال امریکی فنکار دنیا کے 20 سے زائد ممالک میں ثقافتی اور موسیقی کی سرگرمیوں میں حصہ لیتے ہیں، جس کا مقصد مختلف ممالک کے درمیان ثقافتی روابط اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے۔