کاروباری ہفتے کے پہلے روز پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں مزید کمی ریکارڈ کی گئی، جبکہ اوپن مارکیٹ میں یورو اور برطانوی پاؤنڈ بھی سستے ہوگئے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے مطابق انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 3 پیسے کم ہوگئی، جس کے بعد امریکی ڈالر 276 روپے 60 پیسے سے کم ہوکر 276 روپے 57 پیسے پر بند ہوا۔
دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر میں 20 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد اس کی قیمت 278 روپے 33 پیسے ہوگئی۔
کرنسی مارکیٹ کے جاری کردہ نرخوں کے مطابق یورو 20 پیسے سستا ہوکر 309 روپے 28 پیسے جبکہ برطانوی پاؤنڈ 11 پیسے کی کمی کے بعد 369 روپے 8 پیسے کا ہوگیا۔
اس کے برعکس اوپن مارکیٹ میں متحدہ عرب امارات کا درہم 7 پیسے مہنگا ہوکر 76 روپے 11 پیسے اور سعودی ریال 5 پیسے اضافے کے بعد 74 روپے 39 پیسے پر پہنچ گیا۔
واضح رہے کہ کاروباری ہفتے کے آغاز پر ڈالر اور دیگر اہم غیر ملکی کرنسیوں کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ دیکھا گیا، جس کے نتیجے میں بعض کرنسیاں سستی جبکہ درہم اور سعودی ریال مہنگے ہوگئے۔









