امریکی محققین نے ایک نایاب مشروم دریافت کیا ہے جو بیک وقت جان لیوا زہر اور نفسیاتی اثرات پیدا کرنے والے کیمیائی مادے بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ سائنس دانوں نے اس منفرد کھمبی کو ’ڈارک میجک مشروم‘ کا نام دیا ہے۔
یونیورسٹی آف فلوریڈا اور دیگر تحقیقی اداروں کے سائنس دانوں کے مطابق یہ مشروم دو مختلف نوعیت کے کیمیائی مرکبات پیدا کرتا ہے، جن میں ایک انتہائی خطرناک زہر امے ٹوکسِنز جبکہ دوسرا سائلو سائِبن ہے۔
امے ٹوکسِنز ایسے زہریلے مرکبات ہیں جو بعض مشروم کھانے کی صورت میں انسانی زندگی کے لیے خطرہ بن سکتے ہیں، جبکہ سائلو سائِبن ایک ایسا مادہ ہے جو میجک مشرومز کے نفسیاتی اثرات اور نظر کے فریب پیدا کرنے کا سبب بنتا ہے۔
تحقیق کے مرکزی مصنف اور یونیورسٹی آف فلوریڈا کے ماہرِ حیاتیات اینڈریو کُنِک کے مطابق انسانی تاریخ میں مشروم کو عموماً دو مختلف حوالوں سے دیکھا جاتا رہا ہے۔ ایک قسم نفسیاتی اثرات پیدا کرتی ہے، جبکہ دوسری انتہائی زہریلی اور جان لیوا ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈارک میجک مشروم کی دریافت ان دونوں خصوصیات کا غیر معمولی امتزاج ہے، کیونکہ یہ ایک ہی نوع ہے جو دونوں طرح کے کیمیائی مادے پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
محققین نے نایاب مشروم کی تلاش کیسے کی؟
تحقیق کے دوران سائنس دانوں نے ابتدا میں مشرومز کے ایک وسیع گروہ پر کام شروع کیا، جسے ’لٹل براؤن مشرومز‘ کہا جاتا ہے۔ یہ چھوٹے بھورے رنگ کے مشروم ہوتے ہیں جن کی مختلف اقسام میں فرق کرنا اکثر مشکل ہوتا ہے۔
محققین کی خصوصی توجہ گیلیرِینا نامی جینس پر تھی، جس میں ایسے مشروم پائے جاتے ہیں جو امے ٹوکسِنز پیدا کرتے ہیں۔ اس گروہ میں مشہور ڈیتھ کیپ مشروم بھی شامل ہے، جسے دنیا کی انتہائی زہریلی کھمبیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق ڈارک میجک مشروم کی جینیاتی ساخت کا مطالعہ پھپھوندی کی مختلف اقسام اور ان کے ارتقائی عمل کو سمجھنے میں اہم مدد فراہم کرسکتا ہے۔
تحقیق سے یہ جاننے کے نئے امکانات بھی پیدا ہوئے ہیں کہ قدرتی ماحول میں زہریلے اور نفسیاتی اثرات پیدا کرنے والے کیمیائی مرکبات کس طرح ارتقا پذیر ہوئے۔
محققین کا کہنا ہے کہ اس منفرد دریافت سے مشروم کی کیمیائی خصوصیات اور جینیاتی تنوع سے متعلق سائنسی علم میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔









