15

امریکا کے میامی ایئرپورٹ پر دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے، 2 افراد زخمی

امریکا میں ملک گیر سطح پر پروازوں کی عارضی بندش کے محض ایک روز بعد میامی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رن وے پر دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے، حادثے میں دو افراد زخمی ہو گئے۔

امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق رن وے پر ٹیکسی کرتے ہوئے کوپا ایئرلائنز کے بوئنگ 737 طیارے کا کارگو کمپنی یو پی ایس کے بوئنگ 767 طیارے کے اگلے حصے سے تصادم ہو گیا۔

ایئرپورٹ کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن گریگ چن کے مطابق حادثہ مقامی وقت کے مطابق ہفتے کی رات تقریباً 9 بج کر 15 منٹ پر پیش آیا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے۔

حکام کا کہنا ہے کہ دونوں زخمیوں کو معمولی چوٹیں آئیں، جنہیں فائر اینڈ ریسکیو ٹیموں نے موقع پر ہی طبی امداد فراہم کر دی۔

حادثے کے بعد سامنے آنے والی تصاویر میں یو پی ایس کے کارگو طیارے کا اگلا حصہ متاثر دکھائی دیا، جبکہ اس کے پینلز میں بڑا شگاف پڑ گیا۔

اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت کوپا ایئرلائنز کی پرواز پاناما سٹی سے میامی پہنچی تھی، جبکہ یو پی ایس کا کارگو طیارہ کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا کے لیے پرواز بھرنے کی تیاری کر رہا تھا۔

یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب امریکا بھر کے ہوائی اڈے جمعے کے روز فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کی جانب سے پروازوں کی ملک گیر عارضی بندش کے بعد فضائی آپریشن معمول پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے معاملے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔