14

مریم نواز کے طیارے کا کنٹرول پاک فضائیہ کے حوالے کرنا معمول کا فیصلہ ہے: عظمیٰ بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقی دیکھ کر مخالفین کے اعصاب پر وزیراعلیٰ مریم نواز سوار ہیں، جبکہ صوبائی حکومت کے طیارے کی دیکھ بھال پاک فضائیہ کے سپرد کرنا ایک معمول کا انتظامی فیصلہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ پہلے ہی وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ حکام کے زیر استعمال طیاروں کی دیکھ بھال کی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی قیادت میں پنجاب میں ہونے والی ترقی مخالفین کو پریشان کر رہی ہے، اسی لیے طیارے کے معاملے کو بلاوجہ تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ پنجاب کابینہ نے صوبائی حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ کے لگژری طیارے گلف اسٹریم جی-500 کا آپریشنل کنٹرول اور دیکھ بھال پاک فضائیہ کے سپرد کرنے کی منظوری دی ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق یہ فیصلہ پنجاب حکومت کے وی آئی پی فلائٹ ونگ کی محدود تکنیکی صلاحیتوں کے پیش نظر کیا گیا۔ گلف اسٹریم جی-500 جدید طیارہ ہے، جسے چلانے اور اس کی دیکھ بھال کے لیے خصوصی تربیت یافتہ عملے اور جدید تکنیکی سہولتوں کی ضرورت ہے۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ پاک فضائیہ کے پاس اس نوعیت کے طیاروں کو چلانے اور ان کی دیکھ بھال کا مطلوبہ تجربہ اور تکنیکی صلاحیت موجود ہے، جس کے باعث اس کی آپریشنل ذمہ داریاں پاک فضائیہ کو منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

طیارہ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی سے ڈی رجسٹر بھی ہو چکا ہے، جبکہ پاک فضائیہ نے اسے اپنا ٹیل نمبر الاٹ کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ پاک فضائیہ کے تین حاضر سروس پائلٹس کی خدمات ڈیپوٹیشن پر پنجاب حکومت کے حوالے کی گئی ہیں، جو صوبائی حکومت کے پائلٹس کے ساتھ مل کر فلائٹ آپریشن انجام دیں گے۔

پنجاب حکومت اور پاک فضائیہ کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت میں طیارے کی دیکھ بھال، تکنیکی معاملات اور مالی ذمہ داریوں کا بھی تعین کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ستمبر 2026 میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن جانے کے دوران سرکاری طیارے کے استعمال پر سیاسی بحث شروع ہوئی تھی۔

مریم نواز نے اس تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ 9 ارب روپے کے طیارے پر بہت شور مچایا جا رہا ہے، حالانکہ یہ ان کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ وزیراعلیٰ کے دفتر کا طیارہ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ لندن کے سفر پر آنے والے 2 کروڑ 75 لاکھ روپے کے اخراجات انہوں نے اپنی جیب سے ادا کیے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب حکومت نے گلف اسٹریم جی-500 طیارہ تقریباً 10 ارب روپے میں خریدا تھا، جبکہ فروری 2026 میں اس کے آپریشنل اخراجات کے لیے 86 کروڑ 15 لاکھ روپے سے زائد کی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی گئی تھی۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق طیارہ فی گھنٹہ تقریباً 2 ہزار 100 لیٹر ایندھن استعمال کرتا ہے، جو اس سے قبل استعمال ہونے والے ہاکر طیارے کے مقابلے میں تقریباً دوگنا ہے۔