7

پشاور چڑیا گھر میں سفید شیر کے بچوں کی بیماری کا وائرل ویڈیو پر نوٹس: خیبرپختونخوا حکومت کی رپورٹ طلب، جینیاتی خرابی کا شبہ

پشاور چڑیا گھر میں موجود شیر کے بچوں کے چلنے پھرنے سے قاصر ہونے اور لڑکھڑانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد خیبر پختونخوا حکومت نے فوری نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ سے تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

چڑیا گھر انتظامیہ کی جانب سے جاری کردہ وضاحت کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے وائٹ لائن (سفید شیر) کے تینوں بچوں کی عمریں 8 ماہ ہیں، جن کے چلنے کے انداز میں خرابی پائی گئی ہے۔ ابتدائی طور پر ان بچوں میں کسی پیدائشی یا جینیاتی (Genetic) بیماری کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وٹرنری سیکشن اور طبی معائنے کے نتائج: چڑیا گھر کے وٹرنری سیکشن کا کہنا ہے کہ شیر کے بچوں کے ایکسرے (X-rays) کیے گئے ہیں جن میں ہڈیوں کی ساخت بالکل معمول کے مطابق پائی گئی ہے اور ہڈیوں میں کوئی نمایاں یا ظاہری خرابی سامنے نہیں آئی۔ اس کے علاوہ بچوں کے خون کے ٹیسٹ اور معدنیات (Minerals) کی جانچ کے نتائج بھی نارمل قرار دیے گئے ہیں۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر سفید شیر کے ان بچوں کو خصوصی غذائی اجزا اور معدنیات کے سپلیمنٹس باقاعدگی سے دیے جا رہے ہیں۔ چڑیا گھر کی انتظامیہ تمام جانوروں کی صحت، نقل و حرکت اور خوراک کی مسلسل مانیٹرنگ کر رہی ہے اور ان کی دیکھ بھال کے لیے پوری طرح الرٹ ہے۔