8

لاہور: مبینہ زہریلی چائے پینے سے 7 سالہ بچہ جاں بحق

لاہور کے علاقے ہئیر میں مبینہ طور پر زہریلی چائے پینے سے 7 سالہ بچہ جاں بحق ہوگیا، جبکہ اس کی پھوپھو کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات کے لیے بچے کے نانا، نانی اور والد کو حراست میں لے لیا ہے۔

پولیس کے مطابق قصور سے تعلق رکھنے والا بچہ فیصل علی اپنی والدہ کے ہمراہ لاہور کے علاقے ہئیر کچی آبادی میں اپنے نانا کے گھر آیا ہوا تھا، جہاں اس کے نانا نے چائے بنائی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ چائے پینے کے بعد بچے کی پھوپھو امہ احمد کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی، جس کے بعد بچے نے بھی اسی چائے کو پی لیا۔ کچھ ہی دیر بعد دونوں بے ہوش ہوگئے۔

چائے پینے کے بعد دونوں کی طبیعت بگڑ گئی

واقعے کے بعد بچے اور خاتون کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں 7 سالہ فیصل علی جانبر نہ ہوسکا، جبکہ اس کی پھوپھو جنرل اسپتال میں تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔

بچے کی لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے میو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاکہ موت کی اصل وجہ کا تعین کیا جاسکے۔

نانا، نانی اور والد پولیس کی حراست میں

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او ہئیر پولیس نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور شواہد اکٹھے کیے۔

پولیس نے بچے کے نانا جاوید، نانی اور والد کو حراست میں لے کر اہل خانہ کے بیانات قلمبند کرلیے ہیں۔

ابتدائی تحقیقات کے مطابق چائے میں مبینہ طور پر زہریلی چیز ملائے جانے کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی تصدیق ہونا ابھی باقی ہے۔

فرانزک ٹیم طلب، تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری

پولیس حکام نے واقعے کی مزید تحقیقات کے لیے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیم کو بھی طلب کرلیا ہے، جبکہ چائے کے نمونوں سمیت دیگر شواہد کا جائزہ لیا جائے گا۔

ایس پی کینٹ عثمان عزیز میر کے مطابق واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں اور کسی بھی پہلو کو نظرانداز نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد حقائق سامنے لائے جائیں گے اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

پولیس کے مطابق بچے کی موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم اور فرانزک رپورٹ سامنے آنے کے بعد واضح ہوگی۔