3

راولاکوٹ میں شرپسندوں کی فائرنگ سے زخمی رینجرزاہلکارشہیدہوگیا

راولاکوٹ میں پولیس چوکی پر فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے سندھ رینجرز کے نائیک بوستان خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہوگئے۔ شہید اہلکار کا تعلق ضلع کوہاٹ سے تھا۔

آزاد جموں و کشمیر پولیس کے مطابق 5 نومبر کو راولاکوٹ میں کالعدم تنظیم کے مسلح عناصر نے پولیس چوکی پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں سندھ رینجرز کے نائیک بوستان خان زخمی ہوگئے تھے۔ وہ دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہادت کے رتبے پر فائز ہوگئے۔

نائیک بوستان خان سندھ رینجرز میں خدمات انجام دے رہے تھے اور آزاد جموں و کشمیر پولیس کی درخواست پر امن و امان کے قیام میں معاونت کے لیے پولیس اہلکاروں کے ساتھ تعینات تھے۔

آزاد جموں و کشمیر پولیس کے مطابق یہ واقعہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو نشانہ بنانے والے مسلح عناصر کے پُرتشدد طرزِ عمل کی عکاسی کرتا ہے، جو عوامی حقوق کی آڑ میں خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار عوام کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کے قیام کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے قیمتی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، جبکہ نائیک بوستان خان کی شہادت بھی انہی قربانیوں کا تسلسل ہے۔

آزاد جموں و کشمیر پولیس نے نائیک بوستان خان کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت کی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے حوصلے پست نہیں کرسکتیں۔ ریاست عوام کے تحفظ، امن و امان کی بحالی اور قانون کی عمل داری یقینی بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

بیان کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں پر حملوں میں ملوث عناصر کو قانون کے مطابق انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔