بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں سیکیورٹی فورسز نے تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ پر حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے جوابی کارروائی میں 3 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ مزید دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گوادر میں واقع ایک تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملے کو ناکام بنا دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ مزید 3 دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے۔
گوادر میں مختلف مقامات پر آپریشن جاری
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گوادر شاہراہ کے قریب واقع ایک ہوٹل میں موجود دہشت گردوں کے خلاف بھی کارروائی جاری ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس مقام پر 4 دہشت گرد سیکیورٹی فورسز کے گھیرے میں ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ گوادر کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) خود آپریشن کی قیادت کر رہے ہیں۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ آپریشن کی مزید تفصیلات سامنے آنے پر صورت حال واضح ہونے کی توقع ہے۔









