4

پشاور میں گیس 600 روپے کلو، شمالی علاقوں میں ایل پی جی 750 روپے تک پہنچ گئی

خیبرپختونخوا سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں ایل پی جی کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، گیس کی فراہمی میں کمی کے باعث قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ پشاور میں ایل پی جی کی قیمت 600 روپے فی کلو جبکہ شمالی علاقوں میں 750 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافے کے باعث گھریلو صارفین کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، جبکہ ایل پی جی کے ایک سلنڈر کی قیمت بھی 10 ہزار روپے سے تجاوز کرگئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی کے بعد ایل پی جی کی فراہمی متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں گیس کے نرخوں میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں صارفین کو مہنگی گیس خریدنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

دوسری جانب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے رواں ماہ ایل پی جی کی سرکاری قیمت 279 روپے 34 پیسے فی کلو مقرر کر رکھی ہے، تاہم مارکیٹ میں یہی گیس 550 سے 600 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہی ہے۔ شمالی علاقوں میں قیمت 750 روپے فی کلو تک پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے سے سب سے زیادہ کم آمدنی والے طبقے کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کے مطابق بعض علاقوں میں قدرتی گیس کی فراہمی بھی متاثر ہے، جس کے باعث گھریلو ضروریات پوری کرنا مشکل ہوگیا ہے۔

گیس کی عدم دستیابی کے باعث پشاور کے نواحی اور دیہی علاقوں میں متعدد شہریوں نے کھانا پکانے کے لیے لکڑیوں کا استعمال شروع کردیا ہے۔ تاہم گیس کی قلت کے ساتھ لکڑیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

مقامی سطح پر دستیاب معلومات کے مطابق پہلے 1400 سے 1600 روپے فی من فروخت ہونے والی لکڑی اب 1600 سے 1800 روپے فی من تک پہنچ گئی ہے، یعنی قیمت میں 200 سے 300 روپے فی من اضافہ ہوا ہے۔

ایل پی جی اور لکڑی دونوں مہنگی ہونے کے باعث شہریوں کے گھریلو اخراجات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ شہریوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گیس کی فراہمی بہتر بنانے اور سرکاری نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔