3

بھارت: جیب میں رکھا موبائل فون پھٹنے سے موٹر سائیکل سوار نوجوان شدید زخمی ہونے کے بعد دورانِ علاج جاں بحق

ریاست اترپردیش کے ضلع مظفر نگر میں ایک ہولناک اور عجیب حادثہ پیش آیا ہے جہاں قمیص کی جیب میں رکھا موبائل فون اچانک پھٹ جانے کے نتیجے میں موٹر سائیکل سے گرنے والا نوجوان دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا ہے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ پیر کی شام مظفر نگر سے تقریباً پچیس کلومیٹر دور بھوپا پولیس اسٹیشن کی حدود میں رحمت پور گاؤں کے قریب پیش آیا، جہاں متوفی وکاس، جو کہ ایک شوگر مل میں ملازم اور دو بچوں کے باپ تھے، موٹر سائیکل پر گھر واپس جا رہے تھے کہ اچانک زور دار آواز کے ساتھ ان کی جیب میں موجود موبائل فون پھٹ گیا جس سے ان کا توازن بگڑا اور وہ سڑک پر گر کر شدید زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد مقامی لوگوں کی مدد سے انہیں اسپتال پہنچایا گیا جہاں حالت تشویشناک ہونے پر منگل کی رات علاج کے دوران ان کی موت ہو گئی، جس سے ان کا پورا خاندان صدمے سے دوچار ہو گیا ہے۔