پنجاب حکومت نے دریاؤں میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر لاہور، قصور سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال، اوکاڑہ اور سرگودھا میں ضلعی انتظامیہ کی امداد کیلئے فوج طلب کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سول انتظامیہ کی امداد اور انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے فوج طلب کی گئی ہے، ضلعی انتظامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس اور پولیس پہلے ہی فرنٹ لائن پر اپنی زمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔
محکمہ داخلہ کی جانب سے پنجاب کے 7 اضلاع میں ضلعی انتظامیہ نے فوج کی فوری تعیناتی کی درخواست کی تھی ، بروقت فیصلہ ضلعی انتظامیہ کی امداد اور کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے کیا گیا، محکمہ داخلہ پنجاب نے 7 اضلاع میں فوج کی تعیناتی کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ لکھ دیا۔
لاہور، قصور، سیالکوٹ، فیصل آباد، نارووال، اوکاڑہ اور سرگودھا میں ریسکیو اور امدادی سرگرمیوں کیلئے فوج کو طلب کیا جا رہا ہے، ان 7 اضلاع میں فوجی دستوں کی تعداد ضلعی انتظامیہ کی مشاورت سے طے ہو گی، سیلابی علاقوں میں ضرورت کے مطابق آرمی ایوی ایشن اور دیگر وسائل بھی فراہم کیے جائیں گے۔
ترجمان محکمہ داخلہ کے مطابق حکومت پنجاب کے تمام متعلقہ ادارے سیلابی صورتحال کو 24/7 مانیٹر کر رہے ہیں، عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات بروقت اٹھائے جا رہے ہیں۔









