وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ خواتین کے خلاف جرائم کسی صورت قابلِ قبول نہیں اور حکومت خواتین کے تحفظ اور انہیں بااختیار بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ طالبات کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے، روزگار کے مواقع فراہم کرنے اور خودمختار بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
کنیئرڈ کالج فار ویمن یونیورسٹی لاہور کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ ہونے کے ناطے ان کی خواہش ہے کہ دیگر خواتین بھی زندگی کے ہر شعبے میں آگے بڑھیں اور کامیابی حاصل کریں۔
انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کو اپنی منزل حاصل کرنے کے لیے زیادہ محنت کرنا پڑتی ہے، اسی لیے خواتین کی حفاظت، تعلیم اور خودمختاری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
خواتین کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران پنجاب کی بیٹیوں کا تحفظ یقینی بنانے کے لیے دن رات محنت کی گئی ہے۔ ان کے مطابق حکومتی اقدامات سے خواتین میں اعتماد بڑھا ہے اور وہ پہلے کے مقابلے میں زیادہ محفوظ محسوس کر رہی ہیں۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب میں خواتین کے خلاف جرائم میں ملوث کسی بھی شخص کو معاف نہیں کیا جانا چاہیے اور ایسے واقعات پر سخت کارروائی ضروری ہے۔
خواتین کو آسان اقساط پر ای بائیکس فراہم کرنے کا اعلان
مریم نواز نے طالبات کو خودمختار بنانے کے لیے سہولتوں کی فراہمی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو آسان اقساط پر ای بائیکس فراہم کی جائیں گی تاکہ انہیں سفر اور تعلیم کے حصول میں آسانی ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ خواتین کے لیے روزگار کے مواقع بڑھانے اور انہیں معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے ضروری سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔
پنجاب کے ہر بچے کو تعلیم کا موقع دیں گے
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبائی حکومت اسموگ کے مسئلے پر قابو پانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے اور ان کی خواہش ہے کہ پنجاب کا ہر شہر، گلی اور محلہ صاف ستھرا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت صوبے کے ہر گھر تک پہنچنے اور ہر بچے کو تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے کام کرے گی۔
مریم نواز نے طالبات کو پیغام دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر یقین رکھیں، تعلیم جاری رکھیں اور خود کو معاشی و سماجی طور پر مضبوط بنانے کے لیے دستیاب مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔









