کاغان، چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے کاغان میں بی آئی ایس پی کے ڈائنامک رجسٹریشن سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس اقدام کا مقصد دشوار گزار علاقوں میں رہائش پذیر مستحق خاندانوں کو ان کے قریبی مقام پر رجسٹریشن اور دیگر سہولیات فراہم کرنا ہے۔
افتتاحی تقریب میں ننھی بچیوں نے پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے سینیٹر روبینہ خالد کا پرتپاک استقبال کیا، جبکہ مقامی خواتین نے دعاؤں اور نیک تمناؤں کے ساتھ خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر چیئرپرسن نے کہا کہ "کاغان سے بالاکوٹ کا سفر طویل اور پہاڑی ہے، اس لیے یہاں سینٹر کا قیام خواتین اور بزرگوں کے لیے سہولت کا باعث بنے گا۔"
دورے کے دوران سینیٹر روبینہ خالد نے ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا، جہاں انہوں نے خواتین کے مسائل براہِ راست سنے اور بی آئی ایس پی کے مختلف پروگرامز جیسے بینظیر کفالت، نشوونما اور تعلیمی وظائف کے بارے میں تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے سروے رجسٹریشن، 8171 سہولت، بائیومیٹرک تصدیق اور شکایات کے اندراج جیسے اہم موضوعات پر بھی رہنمائی کی۔
بعد ازاں، چیئرپرسن نے رجسٹریشن سینٹر میں خواتین کا سروے اپنی نگرانی میں مکمل کروایا اور عملے کو ہدایت دی کہ وہ مستحق خواتین سے عزت و احترام سے پیش آئیں تاکہ وہ اعتماد کے ساتھ اپنا اندراج مکمل کر سکیں۔
یہ اقدام بی آئی ایس پی کے وژن "کوئی مستحق خاندان محروم نہ رہ جائے" کی عملی تعبیر ہے، جو سماجی تحفظ اور فلاحی ریاست کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔









