اسلام آباد: بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے مرکزی دفتر اسلام آباد میں 78ویں یومِ آزادی اور پاک فوج کے تاریخی "معرکۂ حق" کی یاد میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں قومی جذبے، سماجی خدمت اور خواتین کی معاشی خودمختاری کو اجاگر کیا گیا۔
تقریب میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد، سیکرٹری عامر علی احمد، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر عصمت نواز، تمام ونگز کے ڈائریکٹر جنرلز، ترقیاتی شراکت دار، پارٹنر بینکس کے نمائندگان، بی آئی ایس پی کے افسران اور عملے نے شرکت کی۔
سینیٹر روبینہ خالد نے اپنے خطاب میں کہا:
"جس طرح ہماری بہادر افواج نے بھارتی جارحیت کے خلاف 'معرکۂ حق' میں قوم کی آزادی اور تحفظ کو یقینی بنایا، اسی جذبے کے ساتھ ہم بی آئی ایس پی کے پلیٹ فارم سے غربت کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔"
انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ایک کروڑ مستحق خواتین کو بینکنگ نظام کا حصہ بنایا جا رہا ہے، تاکہ وہ سہولت اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل بینکنگ کے ذریعے اپنی امدادی رقوم باعزت اور شفاف طریقے سے وصول کر سکیں۔ صدر پاکستان آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایات کے تحت خواتین کو IBAN نمبر اور Full Mandate Accounts کی سہولت دی جا رہی ہے، جس سے وہ اپنی مرضی کے بینک اور ادائیگی کے نظام کا انتخاب کر سکیں گی۔
سیکرٹری بی آئی ایس پی عامر علی احمد نے کہا:
"جس طرح ہماری فوج مادرِ وطن کی سرحدوں کی محافظ ہے، اسی طرح بی آئی ایس پی غربت اور معاشی ناانصافی کے خلاف صفِ اول میں ہے۔"
تقریب کے اختتام پر جشنِ آزادی کا کیک کاٹا گیا، جس میں چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے تمام شرکاء کے ہمراہ قومی جذبے اور عوامی خدمت کے عزم کی تجدید کی۔









