پی ڈی ایم اے نے 4 سے 7 اگست تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کردی ۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریاؤں کے بالائی طاس علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارشیں متوقع ہیں ،5 اگست سے ہونے والی بارشوں کے باعث دریائے چناب اور جہلم میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے ۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لئے پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سمیت ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آپریشن سنٹرز کو الرٹ کر دیا گیاہے،راولپنڈی، فیصل آباد ،گوجرانوالہ سرگودھا،ملتان،ساہیوال ،بہاولپور،جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، ، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاؤالدین اور ڈی جی خان میں تیز بارشیں متوقع ہیں۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق مون سون بارشوں کا چھٹا سلسلہ 7 اگست تک جاری رہے گا،موسلا دھار بارشوں سے نشیبی علاقوں کے ندی نالوں میں طغیانی اور مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے،سیاح اور مسافر پیشگوئی کی مدت کے دوران انتہائی محتاط رہیں، شہری موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محفوظ مقامات پر رہیں ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے متعلقہ اضلاع کو عملہ اور مشینری ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ واسا اور میونسپل ادارے نشیبی علاقوں میں پانی ہرگز کھڑا نہ ہونے دیں،بارش کے دوران متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں اورسرگرمیوں کی نگرانی کریں۔
ڈی جی عرفان علی کاٹھیاکے مطابق شہری ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔









