115

خیبرپختونخوا حکومت کا بڑا اقدام: گدھے کے گوشت کی شناخت اب سیکنڈز میں

خیبر پختونخوا حکومت نے حلال گوشت کے نام پر گدھے کا گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے خوراک کے معیار کو محفوظ بنانے کے لیے ایک اہم پیش رفت کی ہے۔

کے پی فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے ایک جدید ترین لیبارٹری قائم کی ہے جو چند سیکنڈز میں گوشت کے معیار اور اصلیت کی شناخت کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
یہ لیبارٹری سائنس کی بنیاد پر کھانے کے نمونوں کا تجزیہ کرتی ہے تاکہ ان کی محفوظ اور حلال معیار کے مطابق فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے تحت کام کرنے والی یہ لیب دودھ، پانی، مصالحہ جات، مشروبات اور خاص طور پر گوشت کے نمونوں کا تجزیہ کرتی ہے، اور یہ شناخت کر سکتی ہے کہ گوشت گدھے، بھینس یا گائے کا ہے۔

لیبارٹری میں FTIR، HPLC اور UHPLC جیسے جدید ترین آلات نصب کیے گئے ہیں، جو بین الاقوامی معیار کی لیبارٹری جانچ کو یقینی بناتے ہیں۔

حکام کے مطابق، یہ سہولت خوراک کے معیار کو بہتر بنانے، عوام کو مضر صحت اشیاء سے محفوظ رکھنے اور ناقص مصنوعات کی بروقت نشاندہی میں اہم کردار ادا کرے گی۔