67

پنجاب میں قدرتی آفات کا خطرہ، حکومت نے ایمرجنسی پلان فعال کر دیا

پنجاب میں اس سال مون سون کے دوران معمول سے 73 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جو ماحولیاتی تبدیلیوں اور قدرتی آفات کے خطرات میں اضافے کی علامت ہے۔

صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) کے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کتھیا کے مطابق اب تک مختلف حادثات میں 165 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں زیادہ تر اموات بجلی گرنے، کرنٹ لگنے یا پانی میں ڈوبنے سے ہوئیں۔

انہوں نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ دنوں میں 4 سے 5 مزید بارشوں کے سلسلے متوقع ہیں اور ایمرجنسی پلان پہلے ہی فعال کر دیا گیا ہے۔ حکومت پنجاب متاثرہ خاندانوں کو پالیسی کے مطابق مالی معاونت فراہم کرے گی۔

شدید بارشوں کے باعث لاہور سمیت مختلف شہروں میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں جبکہ شہریوں کو نشیبی علاقوں سے دور رہنے کی اپیل کی گئی ہے۔