پشاور: خیبرپختونخوا میں شدید گرمی کے بعد موسم کی تبدیلی کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے متعدد اضلاع میں کل سے پیر تک وقفے وقفے سے گرج چمک، آندھی اور ژالہ باری کے ساتھ بارش کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔
ادارے کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ بارشوں سے چترال، سوات، دیر، کوہستان، بونیر، مانسہرہ، ایبٹ آباد، مہمند، خیبر، پشاور، بنوں، کرک، کوہاٹ سمیت 30 سے زائد اضلاع متاثر ہو سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی تیاریوں کی ہدایت جاری کرتے ہوئے مشینری کی دستیابی، ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کی موجودگی اور سڑک بند ہونے کی صورت میں متبادل راستوں کے تعین کو یقینی بنانے کا کہا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بارش کے دوران بجلی کی تاروں، خستہ عمارتوں اور بل بورڈز سے دور رہیں، جب کہ کسان حضرات کو موسمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو بھی مشورہ دیا ہے کہ وہ سفر سے پہلے ہیلپ لائن 1700 پر رابطہ کر کے موسمی حالات اور راستوں کی صورتحال کے بارے میں معلومات حاصل کریں۔