عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے اعلان کیا ہے کہ 15 جون 2025 سے سندھ بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگز پر مکمل پابندی عائد کر دی جائے گی۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پلاسٹک آلودگی کے خاتمے کے لیے سندھ حکومت سرگرم ہے اور سخت قانون سازی کے تحت کارروائیاں جاری ہیں۔ مراد علی شاہ نے عوام سے اپیل کی کہ صاف ستھرا اور ماحول دوست طرزِ زندگی اپنائیں اور پلاسٹک کے استعمال میں کمی لائیں۔
انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت نے پلاسٹک صفائی مہم کا آغاز کر دیا ہے اور کپڑے و کاغذی تھیلوں کے استعمال کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ شجرکاری، تمر کے درختوں کی افزائش، ندی نالوں کی صفائی اور ری سائیکلنگ انڈسٹری کو فروغ دینا حکومت کے اہم اہداف ہیں۔ سندھ حکومت تعلیمی اداروں اور سماجی تنظیموں کے ساتھ مل کر ماحولیاتی شعور پیدا کرنے میں مصروف ہے۔