12

مولانا فضل الرحمان کا کم عمری شادی قانون کیخلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان

پشاور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کم عمری میں شادی سے متعلق مجوزہ قانون کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا۔
پشاور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پاکستان کی اسلامی شناخت کو ختم کیا جا رہا ہے، قرآن و سنت سے متصادم قانون سازی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف اور اقوام متحدہ کے دباؤ پر فیصلے مسلط کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کم عمر بچیوں کی شادیوں سے متعلق بل اقوام متحدہ کی قرارداد کی بنیاد پر لایا گیا ہے، جب کہ صدر مملکت مدارس کے تحفظ کے قانون پر دستخط نہیں کر رہے۔
مولانا فضل نے کہا کہ جنرل مشرف دور میں بھی خواتین سے متعلق متنازعہ قانون سازی کی گئی، اب پھر نکاح کے راستے بند اور بے راہ روی کی راہیں کھولی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے بھی کم عمری شادی کے خلاف قانون کو مسترد کیا ہے۔ جے یو آئی ف کے سربراہ نے کہا کہ ہم دنیا کے سامنے اپنا بیانیہ رکھیں گے اور احتجاج کے ذریعے اس قانون کو مسترد کریں گے۔