پاکستان نے بلاک چین اور کرپٹو کی دنیا میں ایک بڑی پیش رفت کرتے ہوئے ٹرمپ کی حمایت یافتہ "ورلڈ لبرٹی فنانشل" کے ساتھ شراکت داری کرلی ہے۔ اس معاہدے کے ذریعے پاکستان تیزی سے ترقی کرتی ڈیجیٹل معیشت میں اپنی پوزیشن کو مزید مضبوط بنانے جا رہا ہے۔
پاکستان کرپٹو کونسل کے سی ای او بلال بن ثاقب اور ورلڈ لبرٹی فنانشل کی ٹیم نے معاہدے پر دستخط کیے، جس میں ملک کی اعلیٰ قیادت بشمول وزیر خزانہ، اسٹیٹ بینک گورنر اور دیگر اہم حکام نے شرکت کی۔ اس معاہدے کے تحت پاکستان میں بلاک چین جدت، ڈی سینٹرلائزڈ فنانس، اور رئیل ورلڈ اثاثوں کی ٹوکنائزیشن جیسے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
ورلڈ لبرٹی فنانشل کے وفد نے وزیراعظم، آرمی چیف اور دیگر اعلیٰ شخصیات سے ملاقاتیں کر کے شراکت داری کو باضابطہ شکل دی۔ وفد نے پاکستان کی نوجوان توانائی اور ڈیجیٹل ویژن کی بھرپور تعریف کی، اور اسے عالمی سطح پر ڈی سینٹرلائزڈ فنانس کے میدان میں ایک اہم کھلاڑی بننے کے لیے تیار قرار دیا۔
پاکستان کی 64 فیصد نوجوان آبادی، کرپٹو کے بڑھتے ہوئے صارفین، اور بلاک چین میں حکومتی دلچسپی مستقبل میں ملک کو ڈیجیٹل انقلاب کا مرکز بنا سکتی ہے۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ یہ شراکت نئی سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجیز اور نوجوانوں کے لیے عالمی مواقع کی راہیں ہموار کرے گی۔









