138

بڑھتی مہنگائی عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہے ‘عمران خان

اسلام آباد۔اپوزیشن جماعتوں نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کر دیا۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت نے تیل مہنگا کرکے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے کی ایک اور کوشش کی ہے،شرم کا مقام ہے کہ حکومت طاقتور طبقے سے تو ٹیکس لے نہیں رہی، الٹا حکومت نے شریفوں کو منی لانڈرنگ کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کا کہا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا ہوگا، حکومت عوام سے جینے کا حق نہ چھینے اور اپنی کمزور گورننس کا بدلہ عوام سے نہ لے۔جمعرات کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے تیل کی قیمتوں میں اضافہ مکمل طور پر مسترد کردیا۔عمران خان نے وزیر اعظم کی جانب سے اضافے کی سمری منظور کئے جانے پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے تیل مہنگا کرکے عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے کی ایک اور کوشش کی ہے۔

کتنے شرم کا مقام ہے کہ حکومت طاقتور طبقے سے تو ٹیکس لے نہیں رہی،الٹا حکومت نے شریفوں کو منی لانڈرنگ کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے، شریف اور اس قماش کے دوسرے لوگوں کو قومی وسائل لوٹنے کی کھلی چھوٹ ہے۔

تحریک انصاف ہی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ غربت میں ڈوبے عوام کے ساتھ ظلم اور سراسر ناجائز ہے،قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان آئیگا،حکومت امیروں سے ٹیکس اکٹھا کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے،بہتر ہوتا کہ حکومت شریفوں کی منی لانڈرنگ روکتی اور طاقتور لوگوں سے برراست ٹیکس جمع کرتی،منی لانڈرنگ کے ذریعے قومی دولت لوٹنے والوں کو پکڑنے کی بجائے غریب عوام پر پٹرول بم گرانے پر حکومت کو شرم آنی چاہیے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پٹرول، ڈیزل اور مٹی کے تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت عوام سے جینے کا حق نہ چھینے اور اپنی کمزور گورننس کا بدلہ عوام سے نہ لے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ٹیکس نیٹ بڑھانے اور ٹیکس کولیکشن میں اضافے کی بجائے عوام کو سزا دینے پر یقین رکھتی ہے اور ہم یہ اضافہ مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جس نظام کو آگے لیکر چل رہی ہے اس میں امیر امیر تر اور غریب غریب تر ہورہا ہے۔ اپوزیشن لیڈر نے مطالبہ کیا کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات میں قیمتوں میں اضافے کو فوری طور پر واپس لے۔