116

شادی سے انکار پر لڑکے نے سر پر راڈ مار کر لڑکی کو قتل کر دیا

بھارت میں شادی کی پیشکش ٹھکرانے پر لڑکے نے راڈ سر پر مار کر لڑکی کو قتل کر دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق افسوسناک واقعہ دارالحکومت نئی دلی کے علاقے ملویہ نگر میں پیش آیا جہاں ایک پارک میں لڑکی کو سر پر راڈ مار کر قتل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق لڑکی نرگس اپنے 28 سالہ دوست عرفان کے ہمراہ پارک آئی تھی، لڑکی کے قتل کے الزام میں اس کے دوست کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار لڑکے عرفان نے دوران تفتیش بتایا کہ اس نے لڑکی کو شادی کی پیشکش کی تھی جسے اس نے ٹھکرا دیا تھا جس پر طیش میں آکر اس کا قتل کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نرگس کے گھر والوں نے اس کی عرفان سے شادی سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد نرگس نے عرفان سے بات چیت بھی بند کر دی تھی، بات چیت بند ہونے کی وجہ سے عرفان بہت اداس تھا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پارک پہنچے جہاں انہیں ایک لڑکی مردہ حالت میں ملی، لڑکی کے سر پر شدید چوٹیں لگی ہوئی تھیں اور اس کے سر سے بہت زیادہ خون نکل رہا تھا، لڑکے کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔