آرمی چیف جنرل سیّد عاصم منیر نے کہا ہے کہ افواجِ پاکستان کا ہر سپاہی سیاسی تعصبات سے بالاتر ہو کر صرف اپنے فرائض کو مقدم رکھتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار سپہ سالار نے شہداء اور غازیوں کے اعزاز میں جی ایچ کیو میں تقریب تقسیم اعزازات کے موقع پر کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق شہداء اورغازیوں کے اعزازمیں جی ایچ کیومیں تقریبِ تقسیم اعزازات ہوئی، اس دوران سپہ سالار نے پاک فوج کے افسران وجوانوں کو اعزازات سے نوازا۔ تقریب میں بڑی تعداد میں پاک فوج کے سینئر افسران اور شہداء کے اہلخانہ نے شرکت کی۔
بیان کے مطابق 51 افسران کو ستارہ امتیاز(ملٹری) ،22 افسران کو تمغہ بسالت اور 2 جوانوں کو اقوامِ متحدہ کے خصوصی میڈل کے اعزاز سے نوازا گیا۔
اس موقع پر جنرل عاصم منیر نے 25 مئی کو “یومِ تکریمِ شہداءِ پاکستان “ منانے کا اعلان کر دیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ بلاشبہ شہداء کی فرض شناسی اور عظیم قربانیوں کے طفیل ہم ایک آزاد فضا میں زندگی بسر کر رہے ہیں، شہداء کی قربانیاں اور غازیوں کی خدمات ہمارا قیمتی اثاثہ اور سرمایہِ افتخار ہیں۔
جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج بطور ادارہ اپنے سے منسلک ہر فرد کو اور اسکے لواحقین کو ہمیشہ یاد رکھتا ہے اور ہمارا یہ رشتہ بطور خاندان قابلِ فخر اور فقید المثال ہے۔ افواجِ پاکستان کا ہر سپاہی اور آفسر تمام علاقائی، لسانی، اور سیاسی تعصبات اور امتیازات سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو مقدم رکھتا ہے۔ مضبوط فوج مملکت کی سلامتی اور اتحاد کی ضامن ہوتی ہے۔
انہوں نے حالیہ دنوں میں فوجی تنصیبات، یادگاروں اور شہداء کی حرمتوں پر حملوں کو انتہائی افسوس ناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ناقابلِ برداشت ہیں ۔









