بھارت نے روایتی ہٹ دھرمی برقرار رکھتے ہوئے اپنی ٹیمیں ایشین گیمز 2023 کیلئے بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے اپنی مرد و خواتین دونوں ٹیمیں ایشین گیمز 2023 کیلئے بھیجنے سے انکار کیا ہے۔ ایشین گیمز میں کرکٹ کے ٹی20 میچز 23 ستمبر سے چین کے شہر ہینگ زو میں شیڈول ہیں۔
قبل ازیں بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سربراہ جے شاہ نے ایشیاءکپ 2023 کیلئے بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔ جس کے جواب میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے موقف اپنایا کہ اگر بھارتی ٹیم ایشیاءکپ کیلئے پاکستان نہیں آتی تو ورلڈکپ 2023 کیلئے پاکستان کی ٹیم بھارت نہیں جائے گی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق بھارت کرکٹ کے علاوہ تمام ایشین گیمز مقابلوں میں حصہ لے گا تاہم مرد و خواتین کرکٹ ٹیمیں ایونٹ میں شرکت نہیں کریں گی۔ بی سی سی آئی نے ٹیموں کی پیشگی مصروفیات کا بہانہ بناتے ہوئے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے سے انکار کیا۔
رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ بھارت کے ایشین گیمز کیلئے چیف مِشن نے کرکٹ ٹیموں کی عدم شرکت کی تصدیق کردی ہے جبکہ انڈین اولمپک ایسوسی ایشن کے رابطہ کرنے پر بورڈ کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔دوسری جانب بھارتی کرکٹ بورڈ نے مؤقف اپنایا ہے کہ اولمپک ایسوسی ایشن کو پہلے ہی آگاہ کردیا تھا کہ ہمارے فیوچر ٹور پروگرام طے ہیں اس لیے ایشین گیمز کیلئے ٹیمیں بھیجنا مشکل ہے۔









