امریکی الیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے ایلون مسک کی راکٹ کمپنی اسپیس ایکس کے تعاون سے تیار کردہ نئی دو نشستوں والی سفید رنگ کی اسپورٹس روڈسٹر متعارف کرا دی ہے، جس نے اپنی نوعیت کے انوکھے مظاہرے سے شائقین اور سرمایہ کاروں کو دنگ کر دیا۔ تقریب کے دوران اس گاڑی نے سکشن سسٹم کی مدد سے ریمپ پر الٹی سمت میں چلنے، ہوا میں گھومنے اور نصب شدہ تھرسٹرز کی مدد سے ایک ٹرک اور دیگر گاڑیوں کے اوپر سے شاندار چھلانگ لگا کر سب کو حیران کر دیا۔ ٹیسلا کے گاڑیوں کی انجینئرنگ کے سربراہ لارز موراوی کے مطابق یہ شاہکار گاڑی صفر سے 60 میل (تقریباً 97 کلومیٹر) فی گھنٹہ کی رفتار ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں پکڑ سکتی ہے، اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 230 میل (370 کلومیٹر) فی گھنٹہ سے زیادہ ہے، جبکہ ایک بار چارج کرنے پر یہ 300 میل (480 کلومیٹر) سے زائد کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔ سوشل میڈیا پر اس کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد ایون مسک نے بھی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ "آخرکار مستقبل میں اڑنے والی کاریں آ ہی گئیں"۔ یاد رہے کہ ٹیسلا کی جانب سے یہ متعارف کردہ روڈسٹر ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب کمپنی 21 اکتوبر کو اپنی تیسری سہ ماہی کے مالی نتائج جاری کرنے والی ہے، جہاں سرمایہ کاروں کی توجہ نئی گاڑی کے ساتھ ساتھ کمپنی کے منافع اور مالیاتی مارجن پر بھی مرکوز ہوگی۔
5








