پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ ملک اور قوم کی سلامتی پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا، جبکہ دہشت گردی صرف خیبرپختونخوا نہیں بلکہ پورے پاکستان کا مسئلہ ہے۔
پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ وفاق کی ذمہ داری ہے کہ وہ صوبوں کو بیرونی جارحیت سے محفوظ رکھے۔ ان کے مطابق پیپلز پارٹی نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قیادت کی قربانیاں دی ہیں اور جمہوریت، پارلیمنٹ اور آئین کی بالادستی کی جدوجہد کے ساتھ دہشت گردی کا بھی مقابلہ کیا ہے۔
دہشت گردی ایمرجنسی کے نفاذ کا بہانہ نہیں، شازیہ مری
شازیہ مری نے کہا کہ دہشت گردی کو ایمرجنسی کے نفاذ کا جواز نہیں بنایا جانا چاہیے اور اپوزیشن کو اس معاملے پر غلط بیانی سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ واضح ہونا چاہیے کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے کیا اقدامات کیے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں اور عوام کے حوالے سے نفرتوں کو فروغ دینے کے بجائے مسئلے کے حل پر توجہ دینی چاہیے۔
وفاق اور صوبوں کے درمیان تعاون ضروری ہے
پیپلز پارٹی کی رہنما کا کہنا تھا کہ کسی وزیراعلیٰ کی جانب سے وفاق کے ساتھ تعاون نہ کرنا آئینی ذمہ داریوں سے متعلق سوالات پیدا کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ قومی سلامتی اور امن و امان کے معاملات پر وفاق اور صوبائی حکومتوں کے درمیان تعاون ضروری ہے۔
شازیہ مری نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ ملکی بقا اور امن سے بڑھ کر کوئی چیز نہیں۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف مؤثر اقدامات کے لیے قومی سطح پر مشترکہ کوششوں اور آئین کی بالادستی کو برقرار رکھنا اہم ہے۔









