الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات اپریل 2027 میں تین مرحلوں میں کرانے کی تجویز مسترد کرتے ہوئے انتخابی شیڈول فوری جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمیشن نے صوبائی حکومت کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی تعیناتی کے لیے فہرستیں ایک ہفتے کے اندر فراہم کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔
الیکشن کمیشن کے اعلامیے کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب اور کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں الیکشن کمیشن کے ارکان، سیکریٹری اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
پنجاب حکومت کی تجویز غیر تسلی بخش قرار
اجلاس میں الیکشن کمیشن کو بتایا گیا کہ پنجاب حکومت نے 14 اکتوبر 2026 کو اپنے جواب میں بلدیاتی انتخابات اپریل 2027 میں تین مرحلوں میں کرانے کی تجویز دی تھی۔ صوبائی حکومت کے مطابق دسمبر میں شدید دھند اور سردی، جبکہ فروری میں رمضان المبارک کے آغاز کے باعث انتخابی عمل متاثر ہوسکتا ہے۔
الیکشن کمیشن نے اس تجویز کو غیر تسلی بخش قرار دیا۔ اعلامیے کے مطابق الیکشنز ایکٹ کی متعلقہ شق کے تحت صوبائی حکومت سے مشاورت 20 اگست 2026 کو مکمل ہوئی تھی، جس میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان کرانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔
کمیشن نے کہا کہ اپنی آئینی اور قانونی ذمہ داریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کرنے کے لیے انتخابی پروگرام فوری طور پر منظوری کے لیے پیش کیا جائے۔
حکام کی فہرستیں ایک ہفتے میں فراہم کرنے کی ہدایت
اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابی عمل کے لیے متعلقہ افسران کی فہرستیں فراہم نہ کیے جانے پر مایوسی کا اظہار کیا۔ پنجاب حکومت کو ہدایت کی گئی ہے کہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی فہرستیں ایک ہفتے کے اندر جمع کرائی جائیں تاکہ تقرریوں کا عمل مکمل کیا جاسکے۔
کنٹونمنٹس میں بھی بلدیاتی انتخابات کا شیڈول تیار کرنے کا حکم
اجلاس میں کنٹونمنٹس میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کا معاملہ بھی زیر غور آیا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس سلسلے میں وزارت دفاع اور ملٹری لینڈ اینڈ کنٹونمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے رابطے کیے گئے، جبکہ وفاقی حکومت سے باضابطہ درخواست بھی طلب کی گئی تھی تاکہ کنٹونمنٹ ایکٹ 1924 کے تحت انتخابی عمل آگے بڑھایا جاسکے۔
اعلامیے کے مطابق وزارت دفاع کو متعدد یاددہانی خطوط بھی ارسال کیے گئے اور چیف الیکشن کمشنر نے وزیراعظم کو بھی خط لکھا، تاہم خاطرخواہ جواب موصول نہیں ہوا۔
الیکشن کمیشن نے کنٹونمنٹس میں بھی بلدیاتی انتخابات کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے متعلقہ دفتر کو انتخابی پروگرام فوری طور پر منظوری کے لیے پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
یوں پنجاب اور کنٹونمنٹس دونوں میں بلدیاتی انتخابات کے شیڈول کی تیاری تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ پنجاب حکومت کو انتخابی عمل کے لیے مطلوبہ افسران کی فہرستیں ایک ہفتے کے اندر فراہم کرنا ہوں گی۔









