3

پشاور اسکول حادثہ: جاں بحق بچوں کی شناخت مکمل، اسکول مالک زیرحراست: 33 لاشیں لیڈی ریڈنگ اسپتال اور 2 لاشیں نصیراللہ بابر اسپتال لائی گئی

پشاور کے علاقے دیر کالونی میں نجی اسکول کی چھت گرنے کے دلخراش واقعے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت کر لی گئی ہے، جن کی عمریں 6 سے 14 سال کے درمیان ہیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے بچوں کی لاشیں مختلف اسپتالوں میں منتقل کی گئیں، جن میں سے 33 لاشیں لیڈی ریڈنگ اسپتال اور 2 لاشیں نصیراللہ بابر میموریل اسپتال لائی گئیں۔ جاں بحق بچوں میں حلیمہ، زکریا خان، مدیحہ، موسیٰ، ابراہیم، کاشف نجیب، اعظم، عبدالبصیر، عظیم اللہ، زبیر خان، شاکر اللہ، احمدان، ابوذر، ساحل خان، محمد، مبشر، حمید، ابرار، صنم خان، عثمان، اویس، عزیر اور عمران سمیت دیگر معصوم بچے شامل ہیں۔

انچارج ریسکیو بلال احمد کے مطابق ریسکیو ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملبے سے 40 سے زائد بچوں کو نکالا، اور 95 فیصد آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے۔ سی سی پی او پشاور میاں سعید نے انکشاف کیا ہے کہ 3 منزلہ عمارت میں اوپر نیچے تین کلاس رومز قائم تھے، جن میں سب سے نیچے والے کلاس روم میں 45، درمیانی میں 40 اور سب سے اوپر والے کلاس روم میں 30 بچے موجود تھے۔ پولیس نے غفلت برتنے پر اسکول کے مالک کو حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے اور مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ طلبہ کا کہنا ہے کہ پہلے پریڈ کے فوراً بعد زوردار آواز آئی اور تینوں کلاسیں ایک ساتھ زمین بوس ہو گئیں۔ دریں اثنا، وزیراعظم شہباز شریف نے اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہوئے امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔