اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں انڈور اور آؤٹ ڈور سمیت تمام اقسام کے شیشہ کیفے مکمل طور پر بند کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے انہیں پہلے سے دیے گئے تمام عدم اعتراض سرٹیفکیٹس (این او سیز) بھی فوری طور پر واپس لینے کی ہدایت کی ہے۔ چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے شہری عبدالجبار کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر سماعت کے دوران فیصلہ سنایا کہ جب تک متعلقہ حکام شیشہ کیفوں کے لیے نئے قواعد و ضوابط (رولز) تیار نہیں کر لیتے، تب تک شہر میں کوئی بھی شیشہ کیفے کھلا نہیں رہے گا اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ اس عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کے لیے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے اعلان کیا ہے کہ نئے قواعد کے انفاذ تک تمام شیشہ کیفے بند رکھے جائیں گے اور حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری طور پر کریک ڈاؤن شروع کیا جا رہا ہے۔
5









