5

خیبرپختونخوا میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا امکان

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے بعد ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود ہیں اور نشیبی علاقوں سمیت برساتی نالوں کی نگرانی جاری ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق بارش کے دوران صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے جاسکیں۔

دوسری جانب پشاور کے مختلف علاقوں گلبہار، حاجی کیمپ اور دلہ زاک روڈ پر بارش اور ژالہ باری ہوئی، جس کے باعث موسم سرد ہوگیا۔

خیبرپختونخوا میں 15 اکتوبر تک بارش کا امکان

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا میں 15 اکتوبر تک مختلف علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برفباری کا امکان ہے۔

پیشگوئی کے مطابق چترال، بونیر، ملاکنڈ، سوات، شانگلہ، دیر بالا، دیر زیریں، کوہستان بالا و زیریں، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں بارش ہوسکتی ہے۔

اسی طرح صوابی، مردان، باجوڑ، مہمند، نوشہرہ، چارسدہ، پشاور، خیبر، کوہاٹ، اورکزئی، ہنگو، کرم اور کرک میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ بعض مقامات پر شدید بارش اور ژالہ باری کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے، جبکہ مختلف مقامات پر وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے۔

اسلام آباد میں ضلعی انتظامیہ نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں کی نگرانی جاری رکھے ہوئے ہے۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران احتیاط کریں اور ممکنہ خراب موسمی صورتحال سے متعلق تازہ اطلاعات پر نظر رکھیں۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم اے پنجاب نے بھی 10 سے 14 اکتوبر کے دوران صوبے کے مختلف علاقوں میں متوقع بارشوں کے پیش نظر الرٹ جاری کیا تھا۔