پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) خیبرپختونخوا کے سیکریٹری اطلاعات اور سابق صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے ہیں، جبکہ ان کی گرفتاری کے لیے بشام میں واقع گھر پر دو مرتبہ چھاپہ مارے جانے کی اطلاع ہے۔
تفصیلات کے مطابق شوکت یوسفزئی کے وارنٹ گرفتاری تھری ایم پی او (3 MPO) کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔ ان کی گرفتاری کے لیے متعلقہ حکام نے بشام میں ان کی رہائش گاہ پر کارروائی کی۔
اطلاعات کے مطابق شوکت یوسفزئی کے بھائی لیاقت یوسفزئی اور پی ٹی آئی کے دیگر رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جانے کی بھی اطلاعات ہیں۔
حکومت خوف و ہراس پھیلا رہی ہے، شوکت یوسفزئی
شوکت یوسفزئی نے کارروائی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ چادر اور چار دیواری کی پامالی پختون روایات کے منافی ہے۔ ان کا الزام ہے کہ حکومت جان بوجھ کر خوف و ہراس پھیلا کر حالات خراب کرنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گھروں پر چھاپوں جیسے اقدامات سے عوام میں تشویش پیدا ہوتی ہے اور ایسے معاملات میں روایات اور شہریوں کے احترام کو ملحوظ خاطر رکھا جانا چاہیے۔
واضح رہے کہ شوکت یوسفزئی پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات ہیں اور سابق صوبائی وزیر بھی رہ چکے ہیں۔









