خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان (ڈی آئی خان) کے علاقے ملانہ میں والی بال کے ایک میچ کے بعد دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے ہیں۔ ڈی پی او ڈی آئی خان ضیاء الدین احمد کے مطابق فائرنگ کا یہ پرتشدد واقعہ میچ کے اختتام پر پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال منتقل کر دیا۔ پولیس کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق جاں بحق ہونے والے تمام پانچوں افراد کا تعلق بلوچ قوم سے ہے، جن کی شناخت قدرت اللہ، محمد فاروق، محمد شفیق، محمد اجمل اور محمد ارسلان کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی ہونے والوں میں فضل، قیصر اور سعداللہ شامل ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے جبکہ پولیس نے مزید کارروائی اور تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
2









