آسٹریلیا کے شہر ٹاؤنس وِل کے ہوائی اڈے پر لینڈنگ کے دوران جیٹ اسٹار ایئرلائن کا مسافر طیارہ ایک وین سے ٹکراتے ہوئے بال بال بچ گیا۔ طیارہ گاڑی سے محض 15 میٹر کے فاصلے سے گزرا، جس کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جیٹ اسٹار کی پرواز JQ908 برسبین سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کا سفر مکمل کرنے کے بعد کوئنزلینڈ کے ٹاؤنس وِل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے لیے تیار تھی۔
ایئربس اے 320 طیارہ رن وے کی جانب بڑھ رہا تھا کہ اسی دوران ایک سفید وین ممنوعہ فضائی حصے میں داخل ہوگئی۔ اس صورتحال کے باعث طیارے اور گاڑی کے درمیان ممکنہ تصادم کا خطرہ پیدا ہوگیا، تاہم بڑا حادثہ ٹل گیا۔
رن وے پر وین کیسے داخل ہوئی؟
حکام کے مطابق رن وے پر نصب روشن اسٹاپ بار کو عبور کرنا ممنوع ہوتا ہے۔ یہ نظام طیاروں کی لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران گاڑیوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
جیٹ اسٹار کے ترجمان نے بتایا کہ طیارے نے معمول کے مطابق بحفاظت لینڈنگ کی اور کسی ناخوشگوار واقعے یا جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ ایئرلائن نے کہا ہے کہ وہ تحقیقات میں متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون کررہی ہے۔
آسٹریلوی دفاعی حکام نے بھی واقعے کی تصدیق کی ہے، تاہم انہوں نے مزید تفصیلات فراہم کرنے سے گریز کیا۔
جیٹ اسٹار کے طیارے سے متعلق ایک اور واقعہ
واضح رہے کہ تقریباً دو ماہ قبل سڈنی ایئرپورٹ پر جیٹ اسٹار کے ایک اور طیارے کو قطر ایئرویز کے طیارے سے ممکنہ تصادم سے بچنے کے لیے اچانک بریک لگانا پڑی تھی۔
تازہ واقعے کی تحقیقات میں یہ معلوم کرنے کی کوشش کی جائے گی کہ وین ممنوعہ حصے میں کیسے داخل ہوئی اور مستقبل میں ایسے واقعات سے بچنے کے لیے کیا اقدامات کیے جاسکتے ہیں۔









