2

اسپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی کے دو ارکان کے پروڈکشن آرڈرز جاری کردیے

اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دو ارکان اسمبلی ثنا اللہ مستی خیل اور داوڑ خان کنڈی کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیے ہیں، جبکہ متعلقہ حکام کو احکامات پر عمل درآمد کے لیے مراسلہ بھی ارسال کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے قومی اسمبلی کے رول 108 کے تحت دونوں ارکان کی ایوان میں حاضری ضروری قرار دی ہے۔ جاری کردہ پروڈکشن آرڈرز میں ہدایت کی گئی ہے کہ دونوں ارکان کو ہر اجلاس کے آغاز پر پارلیمنٹ ہاؤس میں سارجنٹ ایٹ آرمز کے سامنے پیش کیا جائے۔

اجلاس ختم ہوتے ہی ارکان کو واپس حراست میں بھیجنے کی ہدایت

پروڈکشن آرڈرز کے مطابق قومی اسمبلی کے اجلاس کے اختتام پر دونوں ارکان کو دوبارہ متعلقہ حکام کی تحویل میں واپس بھیج دیا جائے گا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سیکریٹری داخلہ، چیف سیکریٹری پنجاب، انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سمیت سات متعلقہ حکام کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔

اس اقدام کے بعد ثنا اللہ مستی خیل اور داوڑ خان کنڈی کی قومی اسمبلی کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے انتظامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔