7

معزول وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی مبینہ گمشدگی اور حراست کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

خیبرپختونخوا کے معزول وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی مبینہ گمشدگی اور حراست کے خلاف ان کے بھائی محمد عامر نے پشاور ہائیکورٹ میں آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت درخواست دائر کر دی ہے، جس میں انہیں فوری بازیاب کراکے عدالت میں پیش کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ 11 اکتوبر کو دن دو بجے وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور سے مسلح اور نقاب پوش نامعلوم افراد پولیس افسران کی موجودگی میں سہیل آفریدی کو اغوا کر کے نامعلوم مقام پر لے گئے۔ واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے صوبے میں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ کیے جانے کے بعد وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بھی تصدیق کی تھی کہ وزیراعلیٰ اور ان کی کابینہ کے چند افراد کو حفاظتی حراست میں لیا گیا ہے۔ دائر کی گئی درخواست میں آئی جی پولیس خیبرپختونخوا، سی سی پی او پشاور سمیت دیگر حکام کو فریق بنایا گیا ہے اور عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ سہیل آفریدی کی بازیابی، واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت تمام متعلقہ شواہد کو محفوظ بنانے کے احکامات جاری کیے جائیں۔